Post by Noori on Mar 24, 2022 0:03:45 GMT 5
کراچی (نیوزرپورٹر)امیر اہل سنت حضرت علامہ ابوالبلال محمد الیاس عطا رقادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ ہمارے ہاں صرف دنیا وی تعلیم پڑھانے کارحجان ہے دینی نہیں ،اگر کوئی بچہ شرارتی ہے تو اس کو کسی مولانا کے حوالے کردیتے ہیں جبکہ دنیا کا علم پڑھانے کے لئے بچوں پر محنت کرتے ہیں ،توجہ دیتے ہیں ،اچھے اداروں میں تعلیم دلواتے ہیں اور انہیں پڑھانے کیلئے ٹیچر بھی رکھتے ہیں۔ ہمارے ہاں دینی تعلیم مفت دی جاتی ہے ،قرآن کریم اور عالم کورس مفت کرایا جاتا ہے مگر اس میں بہت کم لوگوں کا رحجان ہوتا ہے ،اس کا جذبہ نہیں ہوتا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے میں مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔
امیر اہل سنت نے کہا کہ دنیا کی ترقی کیلئے لوگ وقت نکال لیتے ہیں ،اپنی تمام تر مصروفیات کو تر ک کردیتے ہیں ،بہت سے کاموں کو دوسرے وقت پر کردیتے ہیں ،اس کیلئے قربانی بھی دیتے ہیں ،یہ سب دنیا کا ایک منصب پانے کیلئے کیا جاتا ہے ۔مگر یاد رکھیں اگر کسی نے دین کا علم حاصل نہیں کیا تو اس کو علم دین حاصل کرنے کیلئے وقت نکالنا ہوگا ۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ ہم نے اللہ اور اس کے رسول کی رضا حاصل کرنی ہے ،اللہ پاک کی بارگا میں اچھا مقام حاصل کرنا ہے ،اس کے پیارے محبوب ﷺکامنظور نظر بننا ہے تو اس کیلئے اپنے دنیا کے کاموں کو ،دنیا کی مصروفیت کو تبدیل کرنا ہوگا ،قبر میں روشنی کرنی ہے ،ایمان کی سلامتی بھی درکار ہے تو اس کیلئے وقت بھی نکالنا ہوگا ،جو لوگ کہتے ہیں کہ ان کے پاس ان تمام کاموں کیلئے وقت نہیں ہوتا وہ غور کریں کہ قیامت کے دن اگر پوچھ لیا گیا کہ نیک کاموں میں کوتاہی کیوں ہوئی ؟ تو کیا وہاں یہ جواب قابل قبول ہوگا کہ میرے پاس وقت نہیں تھا ،یقینا یہ جواب وہاں کام نہیں آئے گا ۔
امیر اہل سنت نے کہا کہ جس پیٹ کو بھرنے کیلئے آپ خوب محنت کرتے ہیں اپنے دن کے کئی گھنٹے کام کاج میں صرف کردیتے ہیں ،حقیقت میں اس پیٹ کو تو قبر کی مٹی ہی بھرے گی ،یہ پیٹ تو بھرتا ہی نہیں ہے ،اپنی آخرت کو بہتر بنانے کیلئے وقت دیں اور نیک کام کریں ۔